کیڈٹ کالج سانگھڑمیں 24 ویں سالانہ یوم والدین کی تقریب کاانعقاد،چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا   بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

50

کراچی،27مارچ(اے پی پی):کیڈٹ کالج سانگھڑ میں 24 ویں سالانہ یوم والدین کی تقریب منعقد ہوئی ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ،کیڈٹ کالج سانگھڑ آمد پر کیڈٹس کے ایک چاق و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی اورگارڈ آف آنر پیش کیا۔یہاں سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کالج کے پرنسپل کموڈور محمد اشرف بھٹی کو شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کالج کو ایک بہترین تعلیمی ادارہ بنانے پر سراہا۔نیول چیف نے طلباکو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور بہترین ملٹری اور جسمانی تربیت پر اساتذہ اور اسٹاف کی بھی تعریف کی۔

قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں پرنسپل کیڈٹ کالج سانگھڑ نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور تعلیم، کھیل اور غیر نصابی سرگرمیوں کے میدان میں کالج کی غیر معمولی کارکردگی کو اجاگر کیا۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے تعلیمی سال کے دوران مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ کیڈٹ سرفراز شاہ کو اسٹک آف آنرا ور کیڈٹ حسن لغاری کو بیج آف آنر سے نوازا گیا جبکہ کیڈٹ عبدالمنان اکیڈمکس میں قائد اعظم ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔علاوہ ازیں کیڈٹ محمد ملوک اور کیڈٹ ہارون جان کو بہترین گھوڑ سوار اور بہترین اسپورٹس مین کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔ کیڈٹ امام بخش کو بہترین مقرر، کیڈٹ تاج محمد کو بہترین شوٹراور کیڈٹ محمد دانیال کو بہترین ایتھلیٹ کا ایوارڈ ملا۔اسی طرح اساتذہ اور اسٹاف میں محمد عدنان کو بہترین اسٹاف افسر، اللہ بخش اور تاج علی کو بہترین ورکر اورمحمد ناصر تبسم کو بہترین ملٹری انسٹرکٹر کا اعزاز دیا گیا۔ کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹر خان محمد میمن، ڈاکٹر صادق بلوچ اور لیفٹیننٹ عثمان علی کو مختلف اداروں میں اعلی کارکردگی کی بنا پر ایلمنائی ایوارڈ ز دئیے گئے۔

رنگا رنگ تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے سائنس اینڈ آرٹس نمائش میں کیڈٹس کے تیار کردہ مختلف سائنس پراجیکٹس اور فن پاروں کا بھی مشاہدہ کیا اور انہیں خوب سراہا۔بعد ازاں تقریب میں پریڈ، پی ٹی شو، ٹائیگر اسکواڈ ڈرل اور ٹینٹ پیگنگ کا بھی مظاہرہ پیش کیا گیا جسے ناظرین نے خوب داد دی۔

تقریب میں ممبران بورڈ آف گورنرز ، اعلی سول اور فوجی حکام ، کالج کے سابق طلبااور کیڈٹس کے والدین نے کورونا سے بچاوکی حفاظتی تدابیر مد نظر رکھتے ہوئے شرکت کی۔