گلگت  بلتستان میں موجود معدنیات کے ذخائر کا مکمل سروے کرایا جائے گا،وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید

107

گلگت ۔4مارچ  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ گلگت  بلتستان میں معدنیات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ گلگت  بلتستان میں موجود معدنی وسائل سے استفادہ حاصل کرکے معیشت مستحکم ہوسکتی ہے۔ گلگت  بلتستان میں موجود معدنیات کے ذخائر کا مکمل سروے کرایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹریجیٹک پلاننگ ڈویژن کے ڈائریکٹرجنرل کمرشل اینڈ آپریشن میجر جنرل ممتاز ملک سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے  کیا۔ وزیراعلیٰ نے  محکمہ معدنیات کو ہدایت کی  کہ گلگت  بلتستا ن میں مختلف علاقوں میں لیز حاصل کرنے کے باوجود کام نہ کرنے والی کمپنیزکے لیز کینسل کردیئے جائیں۔ سٹریجیٹک پلانس ڈویژن کے تعاون سے گلگت میں معدنیات کے حوالے سے جدید لیبارٹری قائم کی جائے گی جس سے کمرشل مائیننگ کو فروغ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سٹریجیٹک پلاننگ ڈویژن قومی ادارہ ہے۔ تمام صوبوں میں سٹریجیٹک پلاننگ ڈویژن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ خالد خورشید نے کہا کہ گلگت  بلتستان میں پہلی مرتبہ سپارکو کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے سٹیلائٹ مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا جس سے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے میں معاونت ملے گی۔ اس موقع پر میجر جنرل ممتاز ملک نے  کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی گلگت  بلتستان میں پہلا کینسر ہسپتال بنارہاہے جس کی او پی ڈی جون تک فعال کی جائے گی۔ سٹریجیٹک پلانس ڈویژن زراعت کے شعبے کی بہتری کیلئے کام کررہاہے۔ حکومت گلگت  بلتستان کو اس شعبے میں بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ گلگت  بلتستان میں کمرشل مائیننگ کے فروغ کیلئے جدید لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے معدنیات کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کو فائدہ پہنچے گا۔ حکومت گلگت  بلتستان کے تعاون سے انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا پریونٹیو لیب قائم کیا جائے گا۔ سٹریجیٹک پلاننگ ڈویژن کے منصوبوں میں گلگت  بلتستان کے لوگوں کو ملازمتوں میں ترجیح دی جائے گی۔ منصوبوں کی مانیٹرنگ کیلئے سپارکو کے تعاون سے سٹیلائٹ مانیٹرنگ کا نظام بنانے میں حکومت گلگت  بلتستان کو معاونت فراہم کی جائے گی۔