عوام کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی میں پولیس کا اہم کردار ہے، آئی جی اسلام آباد کا پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

56

اسلام آباد،12اپریل(اے پی پی): آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی میں پولیس کا اہم کردار ہے، پولیس اہلکار قانون کی پاسداری کرتے ہوۓ انصاف کو یقینی بنائیں، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے۔ انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد پولیس کی 34 ویں ریکروٹس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوۓ کہی۔

آئی جی  نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس  کو مبارکباد دیتے ہوۓ کہا کہ انسانی خدمت کو اپنا شعار بنائیں شہریوں کو عزت دینا ان کے مسائل حل کرنا ہماری ترجیحات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ  آپ خوش قسمت ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے عوام کی بھلائی کے لیے موقع فراہم کیا، آپ ذہن نشین کرلیں کہ ہم سب عوام کے خادم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقین جانیں جتنا سکون کسی کی مدد کرنے میں ملتا ہے کسی اور کام میں نہیں، آپ لوگوں کے ساتھ بھلائی کریں کوئی وجہ نہیں کہ آپ کو عزت نہ ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ محکمہ پولیس کا نام روشن کرنے کی لیے اپنا کردار ادا کریں،  سچے دل کے ساتھ آج یہ عہد کریں کہ انسانی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں پولیس کے ان شہداء افسران و جوانوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے شہریوں کی جان و مال کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے