ملتان، 3اپریل(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ امن کے قیام میں ضلعی امن کمیٹیوں کے کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے،ماضی میں ہونے والی فرقہ وارانہ منافرت کا خاتمہ ضلعی کمیٹیوں کی وجہ سے ہوا۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ سے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے معتبر اراکین امن کے سفیر اور ضلعی انتظامیہ کا دست و بازو ہوتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے اراکین سے ہر مذہبی اور سماجی ایشوز پر مشاورت اور رہنمائی حاصل کی جائے گی۔
سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ ہمیشہ قریبی تعلق رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین اولیاء میں تعینانی ایک اعزاز ہے، ملتان میں تعیناتی سے مجھے ایک روحانی تسکین حاصل ہوتی ہے۔
ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے ڈپٹی کمشنر اور سی پی او کو امن کے قیام میں مکمل تعاون کا یقین دلایا، اراکین امن کمیٹی نے کہا کہ امن کمیٹی کے تمام ممبران نے ہمیشہ کے امن کے فروغ کے لئے کردار ادا کیا ہے۔
ممبران امن کمیٹی نے سابق ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی صلاحیتوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا، ملاقات میں ملتان اور پاکستان کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔
اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی سمیت علامہ فاروق خان سعیدی،علی رضا گردیزی، علامہ خالد محمود ندیم، محمد ایوب مغل اور مظہر گیلانی،ڈاکٹر صدیق خان قادری،علامہ عنایت رحمانی،مولانا محمد سلیم بلالی، اصغر نقوی ،علامہ عبدالحق مجاہد،مزین چاون، مظہرجاوید،عنایت اللہ پسروری،ظفراقبال،زاہد بلال قریشی بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔