کوئٹہ۔28پریل (اے پی پی): نیشنل ہائی وے اتھارٹی بلوچستان کے جنرل منیجر نور الحسن مندوخیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کوئٹہ کے دوران ہرنائی زیارت سنجاوی کراس، کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس اور ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے سے صوبے میں روزگار کے مواقع ملنے کے ساتھ، سیاحت, زراعت، کان کنی کو فروغ ملے گا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اے پی پی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جی ایم این ایچ اے بلوچستان نور الحسن مندوخیل نے کہا کہ تینوں منصوبے بلوچستان کے تعمیر وترقی کے لیے بہت اہم ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے ہرنائی زیارت سنجاوی کراس روڈ کی تعمیر، کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس اور ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ کر عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ایک بائی پاس ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑھنے کے ساتھ عوام الناس کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے کافی وقت لگتا ہے اس لیے اب نئے بائی پاس کے بننے سے شہریوں کو دو گھنٹے کی وقت کی بچت ہو گی، نور الحسن مندوخیل نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کا منصوبہ دو سال میں مکمل ہو گا جس سے علاقے میں روزگار کے مواقع ملنے کے ساتھ بلوچستان سے سندھ سفر کرنے والوں کے آسانیاں پیدا ہونگی۔بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیر کے تین بڑے منصوبوں کاسنگ بنیادرکھنے سے محرومیوں کا ازالہ ہونے کے ساتھ ترقی نئے دورکاآغازہوگا ۔











