برطانوی مردوں اور خواتین کرکٹ ٹیموں اور میوزیکل بینڈ کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں؛ وفاقی وزیر اطلاعات

19

اسلام آباد، 30 اپریل (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے     کہا ہے کہ رواں سال کی دوسری ششماہی میں برطانوی مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں، کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں کے لئے یہ ایک اچھی خبر ہے ، شہریوں کو مزید سپورٹس تفریج کا ماحول میسر آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے   پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے   ملاقات کے دوران  کیا ، ہائی کمشنر  نے  وفاقی  وزیر کو آ گا ہ کیا  کہ  رواں سال کی دوسری ششماہی میں برطانوی مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان کا منصوبہ بنا رہے ہیں، اس دوران برطانوی میوزیکل بینڈ بھی پاکستان کادورہ بھی کرے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پاک برطانیہ مشترکہ پروڈکشن اور دستاویزی فلوں کی ضرورت پر زور دیا  اور میڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے لئے حکومت کے اقدامات سے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ   برطانیہ کی اعلیٰ جامعات کی طرز پر میڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کے لئے برطانوی مدد درکار ہے۔

وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لئے فلم کی تیاری اور متعلقہ شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران برطانوی ماہرین کے ذریعہ پاکستانی سیٹ ڈیزائنرز اور صنعت کاروں کی تربیت کے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانوی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کی تجاویز پر ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ میں کوویڈ 19کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ برطانوی ہائی کمشر کرسچن ٹرنر نے حکومت پاکستان کی کوویڈ 19سے بچاﺅ کے لئے جاری ویکسینیشن مہم کی تعریف کی۔