تمام سٹیک ہولڈرز قیمتوں کے میکانیزم پرعمل درآمد کریں،ڈپٹی کمشنرظہیر حسن

52

نارووال، 29 اپریل(اے پی پی): ڈپٹی کمشنرظہیر حسن نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس باہمی روابط کو فروغ دیں،شہریوں کو ضروریات زندگی کی سہل فراہمی کو یقینی بنائیں، چینی کی دستیا بی کو ہر صورت یقینی بنایا جا ئے، اور چینی مہنگی فروخت کرنے والے دوکا نداروں کوفوری پا بند سلاسل کیا جائے، ماہ رمضان میں کسی کو ناجائز منافع خوری کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، تمام سٹیک ہولڈرز قیمتوں کے میکانیزم پرعمل درآمد کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو و فنا نس عائشہ غضنفر،عمر فاروق وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنرز سیدہ تہنیت بخاری، عثمان اکرم،عرفان مارٹن، ڈی او انڈسٹریز وفوکل پرسن پرائسز ذیشان نیازاور ضلع بھر کے مجسٹریس بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ذیشان نیاز نے ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن کو گزشتہ دو ما ہ کے دوران ہونے والی کاروائی کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ اور ناقص اشیاء کی فروخت کے حوالے سے جاری مہم کے تحت مار چ اور اپریل کے دوران ضلع بھر میں پرائس مجسٹریٹس کی طرف سے 38 ہزار 109 دوکانوں کی انسپیکشنز کی گئیں جن میں 1906 دوکاندارخلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جنہیں پرائس ایکٹ کنٹرول کے تحت مجموعی طورپر 36لاکھ5ہزار 300 جرمانہ کیا گیا جبکہ 90دوکانداروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جن میں 77افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید کاروائی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنرظہیر حسن نے اس موقع پرکہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، پرائس مجسٹریٹس لوگوں میں اپنے تاثر کو بہتر بنائیں، بڑے منافع خوروں پر ہاتھ ڈالیں، کسی سے زیادتی نہ ہونے دیں، کم آمدنی والے اور ریڑھی بانوں کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایا ت کی رو شنی میں ماہ صیام کے دوران صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔