حکومت مگس بانوں کی حوصلہ افزائی اور آسانی کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرض دے گی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی   کامگس بانی کے شعبے کے فروغ کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب

16

اسلام آباد۔28اپریل  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہد کی پیداوار اور معیار میں اضافے کیلئے مگس بانی کے جدید طریقے اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مگس بان افراد کی استعداد کار میں اضافے سے شہد کی پیداوار اور معیار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، حکومت مگس بانوں کی حوصلہ افزائی اور سہولت کیلئے وزیراعظم کےکامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے فراہم کرے گی۔ وہ بدھ کو یہاں پاکستان میں مگس بانی کے شعبے کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں آل پاکستان مگس بان و مگس فروش ایسوسی ایشن کے صدر ندیم قاسمی، چیئرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل ڈاکٹر محمد عظیم خان، سیکرٹری جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا اسلام زیب، سیکرٹری زراعت، لائیو سٹاک اینڈ فشریز خیبرپختونخوا محمد اسرار اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی آب و ہوا اور نباتات اعلیٰ معیار کے شہد کی تیاری کے لئے موزوں ہیں جبکہ مگس بانی کے شعبے میں لوگوں کو روزگار مہیا کرنے اور زرمبادلہ کمانے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہد کی پیداوار اور معیار میں اضافے کیلئے مگس بانی کے جدید طریقے اپنائے جائیں، مگس بان افراد کی استعداد کار میں اضافے سے شہد کی پیداوار اور معیار میں اضافہ لایا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت مگس بانوں کی حوصلہ افزائی اور آسانی کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرض دے گی، مگس بانی کی ترقی کیلئے نیوٹک اور ٹیوٹا جیسے تربیتی اداروں میں اعلی درجے کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ صدر مملکت  نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کے دس بلین ٹری سونامی پروگرام سے مگس بانی کا ماحول بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت  نےمتعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ شہد کی پیداوار اور برآمد ات میں اضافے کیلئے شعبے کے مسائل حل کریں، اس سلسلے میں مگس بانی کے شعبہ میں تربیتی کورسز اور ورکشاپس کے انعقاد کے ذریعے ہنرسازی پر توجہ دی جائے۔ قبل ازیں نعیم قاسمی نے اجلاس کو بریفنگ میں مگس بانی کے مسائل اور اس شعبہ کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے صدر مملکت کی جانب سے مگس بانی کے شعبہ میں دلچسپی لینے اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔