حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں، وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیار کابیرونی معاونت سے جاری منصوبوں کیلئے قائم قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

50

اسلام آباد۔7اپریل  (اے پی پی):ٖوفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے کہاہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں اورمحصولات سمیت معیشت کے اہم شعبوں میں پیش رفت ہورہی ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں بیرونی معاونت سے جاری منصوبوں کیلئے قائم قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مالیات،محصولات، مواصلات اورتعلیم کے شعبہ میں بیرونی معاونت سے جاری منصوبوں پرپیش رفت کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس میں مالیات اورمحصولات کے شعبہ میں  بیرونی معاونت سے جاری 5 منصوبوں، تعلیم ایک اورمواصلات کے شعبہ میں جاری 13 منصوبوں کاتفصیل سے جائزہ لیاگیا۔وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے مختلف شعبہ جات میں بیرونی معاونت سے جاری منصوبوں میں پیش رفت پرمتعلقہ اداروں کی کوششوں کی تعریف کی اورکہاکہ ان منصوبوں کی جلد تکمیل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔ انہوں نے  کہاکہ حکومت نے ملکی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے دانش مندانہ معاشی پالیسیاں مرتب کی ہیں جن کے مثبت اثرات سامنے آرہے۔ ان پالیسیوں کے نتیجہ میں محصولات سمیت معیشت کے اہم شعبوں میں پیش رفت ہورہی ہے، جولائی سے لیکررواں سال 20 مارچ تک کی  مدت میں محصولات اکھٹاکرنے کی شرح میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10 فیصداضافہ ہواہے۔اسی طرح ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں ماہانہ اورسالانہ بنیادوں میں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ سرکاری شعبوں اورعوام سے متعلق منصوبوں کی جلد تکمیل کویقینی بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی عالمگیروبا سے زندگی کے دیگرشعبوں کی طرح تعلیم کاشعبہ بھی متاثرہواہے اسلئے اس شعبہ پرخصوصی توجہ مرکوزکرنا ہوگی۔انہوں نے پاکستان میں سماجی اوراقتصادی شعبہ کی ترقی میں بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کی جانب سے معاونت کی فراہمی کوسراہا۔