ریاض،30اپریل(اے پی پی):سعودی عرب میں نئے تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے کہا ہے کہ سعودی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر اہم مسائل کو حل کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستانی سفارت خانے میں پاکستانی کیمونٹی کی سیاسی، سماجی، ادبی اور مذہبی شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا۔ سفیر پاکستان بلال اکبر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مسائل موجود ہیں مگر ان تمام مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی، سعودی جیلوں میں ڈھائی سو کے قریب ایسے پاکستانی قیدی موجود ہیں جن پر بھاری جرمانے عائد ہیں، ایسے قیدیوں کی رہائی کے لئے جرمانوں کی ادائیگی کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ورکرز کو درپیش دیگر اہم مسائل کو بھی حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات مضبوط اور ٹھوس بنیادوں پر استوار ہیں ،وزیراعظم پاکستان کے دورہ سعودی عرب سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور مختلف شعبوں میں مزید تعاون کو بڑھایا جائے گا۔
کیمونٹی ممبران کی جانب سے بھی جہاں سفیر پاکستان کو مختلف مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا گیا وہیں کیمونٹی کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔