سندھ حکومت وعالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے جاری تاخیرکے شکارمنصوبوں کوجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اقدامات کرے، مخدوم خسروبختیار

45

اسلام آباد،15اپریل  (اے پی پی): وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے کراچی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ میں سست روی پرناراضگی کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ کی حکومت کوعالمی مالیاتی اداروں کی تعاون سے جاری تاخیرکے شکارمنصوبوں کوجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اقدامات کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں غیرملکی معاونت سے جاری منصوبوں کی نگرانی کیلئے قائم قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سندھ میں عالمی بینک اوردیگربین الاقوامی مالیاتی اداروں کی تعاون سے جاری منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں کراچی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ سمیت مواصلات، تعلیم  اورآبی وسائل  سمیت مختلف شعبوں میں بیرونی معاونت سے چلنے والے  27  منصوبوں پرپیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیرنے عالمی بینک کے تعاون سے کراچی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ میں سست روی پرناراضگی کااظہارکیا اورکہاکہ سندھ حکومت کو عالمی بینک اوردیگرمالیاتی اداروں کی معاونت سے چلنے والے منصوبوں کو جلد اورمقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے اقدامات کرنا چاہئیے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ، زراعت اورآبپاشی جیسے عوامی مفاد کے منصوبوں کوجلد از جلد اورترجیحی بنیادوں پرمکمل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ سٹنٹڈگروتھ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اوراس منصوبہ کوفوری طورپرمکمل کرنے میں کسی قسم کی تاخیر اورکوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ سندھ میں تعلیم، صحت اورزراعت کے شعبوں میں جاری منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کوسہولیات فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔