سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت کورونا ویکسی نیشن کے عمل کا جائزہ اجلاس

27

اسلام آباد,اپریل  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بزرگ شہریوں کی ویکسینیشن کا عمل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ہونا چاہئے، سازگار ماحول اور ڈاکٹرز کا معاون کردار کورونا وبا سے متاثرہ مریضوں کی جلد صحت یابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، انہوں نے سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی رہنمائی کے لئے موثر اور جدید میکانزم مرتب دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےبدھ کو اسلام آباد میں کورونا ویکسینیشن کے عمل کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس مینجمنٹ (پمز) ہسپتال کی جانب سے کورونا مریضوں کے ساتھ غیر پیشہ ورانہ رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی رہنمائی اور علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی ان کی جلد صحتیابی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں ڈاکٹر کمیونٹی اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کے ساتھ مثبت اور پیشہ ورانہ رویہ اپنانے کہ ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر نے پولی کلینک پسپتال کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں کو ماڈل ہسپتال بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی علی نواز عوان اور راجا خرم شہزاد نے مریضوں کی رہنمائی میں پمز ہسپتال کی اتظامیہ کے غیر پیشہ وارانہ رویے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں بزدگ شہریوں کی ویکسینیشن کے عمل کے لئے موبائل ویکسینیشن سروس کے آغاز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ممبر قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے سپیکر اسد قیصر کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے زیر انتظام قائم چک شہزاد ویکسینیشن سینٹر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔