صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی بزدار حکومت کی اولین ترجیح ہے؛ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی

43

ملتان، 17 اپریل2021(اے پی پی ): صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسے بنیادی حقوق کی فراہمی بزدار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 یہ بات انہوں نے النگ دولت گیٹ ملتان پر اندرون شہر کے رہائشیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کےلیے نئی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔  اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 13کروڑ 50لاکھ روپے کی خطیر رقم سے اندرون شہر کی چار یونین کونسلز کے رہائشیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی عوامی حکومت کا کارنامہ ہے اور اندرون شہر کے باسیوں کا برسوں پرانا مطالبہ پورا کرنا تحریک انصاف کا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون شہر واٹر سپلائی لائنز و ٹیوب ویلز کی تبدیلی کا یہ منصوبہ 6ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

 ندیم قریشی نے کہا کہ بزدار حکومت نے صوبے میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی فراہمی اور کام کی مانیٹرنگ کا عمل تیز کر دیا ہے تاکہ ترقی اور تبدیلی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ملتان شہر کی بہتری اور ترقی ہے اور اس سلسلے میں اندرون شہر کی تمام یونین کونسلز میں واٹر سپلائی لائنز اور ٹیوب ویلز کی تبدیلی کا منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور یہ صدقہ جاریہ ہے۔

قبل ازیں وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات کا پنڈال پہنچنے پر لوگوں نے انتہائی گرمجوشی سے استقبال کیا۔ تقریب میں ایم ڈی واسا ناصر اقبال، وائس چئیرمین ایم ڈی اے اشرف ناصر خان سمیت  اندرون شہر کی یونین کونسلز کے عہدیداروں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔