ضلع خیبر لنڈیکوتل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں گزشتہ 1مہینے کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 136ہوگئی: ڈاکٹر احسان

109

پشاور، 8اپریل(اے پی پی): لنڈی کوتل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں گزشتہ 10دن کے دوران 84مریض کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جن کے ٹیسٹ پازیٹو آگئے ہیں۔

 لنڈی کوتل ہسپتال کورونا وارڈ کے انچارج ڈاکٹر احسان نے رابطے پر بتایا کہ لنڈی کوتل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں گزشتہ 1مہینے کے دوران کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 136ہوگئی ہے۔

 انہوں نے علاقے کے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ماسک لازمی پہنیں اور گھروں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں، ہجوم والی جگہوں سے پرہیز کریں اور حکومت کی طرف سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے دی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کی روک تھام بروقت ممکن ہوسکے اور عوام کی مشکلات میں کمی آجائے.

 دوسری طرف لنڈی کوتل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کوروناوائرس کے مریضوں میں روز بروز اضافہ کے باعث عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی کیونکہ ہسپتال کے تمام کورونا وارڈز خالی پڑے ہیں اور کورونا وائرس کے مریضوں کے ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد داخلے کے  بجائے انکو گھر پر قرنطین کیا جاتاہے جس کے باعث کورونا وائرس مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔

 علاقے کے عوام نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ لنڈی کوتل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کوروناوائرس کے روک تھام کے لئے عملی اقدامات کریں اور ہسپتال کے سرکاری وارڈز میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائے تاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج معالجہ بہتر طریقے سے ہوسکے ۔