اسلام آباد،12اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عوام کو بلاتعطل بجلی ، گیس ، صاف پانی، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوابی اور خیبر پختونخواہ کے دیگر اضلاع میں لوڈشیڈنگ اور کم ولٹیج کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 220 کے وی گرڈ اسٹیشن کے قیام سے صوابی کی عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں آسانی پیدا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں صوابی میں 220 کےوی گرڈ اسٹیشن کے قیام سےمتعلق کام کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ۓ کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ صوابی کی عوام کو گزشتہ کئی عرصہ سے لوڈشیڈنگ، ٹرپنگ اور کم وولٹیج جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرڈ اسٹیشن کی تعمیر صوابی کی عوام کادیرینہ مطالبہ تھا۔انہوں نے کہا کہ لوڈشڈنگ کی وجہ سے موسم گرما میں صوابی کے عوام پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں بجلی کے مسائل کے حل اور بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 220 کے وی گرڈ اسٹیشن کا قیام ضروری ہے جس سے ضلع صوابی میں نہ صرف گھریلو بلکہ صنعتی صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ اسپیکر نے جلد سے جلد اس منصوبے کو مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
فنانس ڈویژن ، وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اور خصوصی اقدامات اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے نمائندگان نے اسپیکر کو پروجیکٹ کی پیشرفت سے آگاہ کیا اور پراجیکٹ کو بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ ڈویژن انور شیخ، چیف (توانائی) وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اور خصوصی اقدامات محمد ارشد خان، چیف پی آئی پی وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اور خصوصی اقدامات سہیل حنیف، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی لاہور صفدر علی اور چیف انجینئر این ٹی ڈی سی عارف خان نے شرکت کی ۔