اسلام آباد: 06 اپریل (اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملک کو معاشرتی اور معاشی چیلنجوں سے نکالنے کے پر تمام سیاسی جماعتوں کے مابین اتفاق رائے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی، عدالتی اصلاحات، ہندوستان کے ساتھ تجارت اور معیشت جیسے قومی اہمیت کے اہم معاملات پر قومی اسمبلی میں زیر بحث لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان چیلنجوں پر ایوان میں بحث ضروری ہے جس میں حزب اختلاف کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومتی بنچوں پر موجود اراکین پارلیمنٹ کے مابین عوام کے بہترین مفاد میں پالیسیاں مرتب کرنے اور اصلاحات لانے کے لئے اتفاق رائے پیدا کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ملک کو متعدد چیلنجز درپیش جن کو پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومت کو غور و خوض کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان اہم موضوعات پر اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ وہ خاص طور پر قومی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اپوزیشن بنچوں کا کردار ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایوان کی کارروائی میں اسپیکر کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قومی امور پر اتفاق رائے ضروری ہے۔