ماہ رمضان میں ہائی ویز روڈ پر مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے؛ایس پی پٹرولنگ ملتان ہمانصیب

25

ملتان،17اپریل(اے پی پی): ایس پی پٹرولنگ ہمانصیب نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں ہائی ویز روڈ پر ٹریفک کی روانی اور عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، تمام گشت افسران اپنے ایریا میں مؤثر حکمت عملی اختیار کر کے گشت کریں ،عوام الناس کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

ہفتہ کو یہاں سکندرآباد اور شیرشاہ پوسٹ کی انسپکشن کے موقع پر ایس پی پٹرولنگ ہمانصیب  نے موجودہ ملکی صورتحال کے حوالے سے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ

  کسی بھی ہنگامے یا ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ڈی ایس پی اور میرے علم میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ تھانے کے تعاون کےساتھ ہائی ویز روڈ پر امن عامہ کی صورتحال کو کنٹرول کیا جائے اور پی ایچ پی ہیلپ لائن 1124 سے موصول ہونے والی کالز پر فوری رسپانس دیتے ہوئے ہائی ویز روڈ پر مسافروں کی بھرپور مدد فراہم کی جائے۔

ایس پی پٹرولنگ ہمانصیب نے کہا کہ سماجی فاصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے مشتبہ افراد کی چیکنگ کریں، غیر قانونی اسلحہ و اسلحہ کی نمائش کرنے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن کریں، اس دوران کرونا ایس او پی پر بھی سختی سے عمل کیا جائے، تمام افسران و ملازمین دوران ڈیوٹی ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

ایس پی پٹرولنگ ہمانصیب نے پوسٹ پر  پودا بھی لگایا اور کہا کہ افسران و ملازمین کی کاوش سے سینکڑوں پھلدار، سایہ دار و پھولدار پودے لگائے گئے ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں سے  نمٹنے کے لیے ہماری آئندہ نسلوں کے لیے درخت سب سے قیمتی تحفہ ہے۔

  ڈی ایس پی ملتان عبدالرحیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔