ملتان؛ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کاتحصیل شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کا دورہ

45

ملتان، 17اپریل (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے تحصیل شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کا دورہ کیا۔انہوں  نے رمضان بازاروں، گندم خریداری مراکز،احساس کفالت سنٹرز اور اراضی ریکارڈ سنٹرز کا معائنہ کیا جبکہ  تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شجاع آباد اور جلالپور پیر میں  دستیاب میڈیکل  سہولیات کا  جائزہ لیا اور شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کی تحصیل بار کونسلز کے عہدیداران اور تاجر نمائندوں سے بھی ملاقات کی ۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی کی سپلائی دوگنا کر دی گئی ہے اور چینی کے سٹال پر صارفین کے رش کے پیش نظر سٹاف بھی بڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ پرساڑھے پانچ ارب روپے سبسڈی دی ہے،وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا وژن ہے کہ عوام کو  اشیاء سستے داموں فراہم کی جائیں،ضلع ملتان میں چینی اور سبزی پر5 کروڑ روپے کی سب سڈی دی جارہی ہے۔

علی شہزاد نے بتایا کہ چینی پر فی کلو 20روپے اور 10 کلوآٹے کے بیگ پر65 روپے سب سڈی دی جارہی ہے،گھی اور آئل پر دس سے پندرہ روپے فی کلو گرام رعائت دی جارہی ہے،اسی طرح رمضان بازار میں قائم فئیر پرائس شاپس پر13 اشیائے ضروریہ پر25 فیصد سب سڈی دی جارہی ہے جبکہ رمضان بازار میں تمام اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں موجود ہیں۔انہوں  نے کہا کہ ضلع میں گندم خریداری کاٹارگٹ 1لاکھ84 ہزار میٹرک ٹن ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے،اس مقصد کے لئے17 مراکز قائم کئے گئے ہیں اور ابتک 38 ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کر لی گئی ہے،ضلع بندی کی وجہ سے گندم سمگلنگ کرنیوالوں کے خلاف دو مقدمات درج کئے جا چکے ہیں،گندم خریداری کا ٹارگٹ مکمل ہونے تک گندم کی دوسرے اضلاع میں لے جانے پر پابندی عائد رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ احساس کفالت سنٹرز کے ذریعے ضلع میں 1لاکھ72ہزار896 مستحقین مستفید ہونگے،ضلع میں 17ہزار 789 مستحقین کو12 ہزار فی کس کے حساب سے امداد فراہم کی جا چکی ہے اور اب تک21 کروڑ روپے سے زائد رقم مستحقین میں تقسیم کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شجاع آباد میں ڈاکٹر سرجن کی آسامیوں کو جلد پُر کیا جائے گا، انتظامیہ کو ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنیکی ہدایت کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وکلاء اور تاجروں کے مسائل تحصیل کی سطح پر حل ہونگے۔

علی شہزاد نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ضلع کے تمام مواضعات کا لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے احکامات دے دئے گئے ہیں،بورڈ آف ریونیو کی ہدایت پر ماڈل مواضعات میں فصلوں کی آن لائن  لائیو گرداوری شروع کر دی گئی ہے،مرحلہ وار تمام مواضعات میں لائیو گرداوری شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لائیو گرداوری سے کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی اور حکومت کے ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا۔انہوں نے رمضان بازاروں میں صارفین سے بھی بات چیت کی۔

اسسٹنٹ کمشنرز مدثر ممتاز، محمدزبیر اور تحصیلدار سہیل کھوکھر بھی انکے ہمراہ تھے۔