ملتان، 20اپریل(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد کی ہدایت پر چینی کی گرانفروشی میں ملوث مافیا کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے،کارروائی کے دوران چینی 85 روپے فی کلو سے زائدقیمت پر فروخت کرنے پر4دکاندار موقع پر گرفتار،8کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ گرانفروشوں کو 2لاکھ 4ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
مقررہ قیمت سے زائد نرخ وصول کرنے پرایک دکان سے چینی کی100 بوریاں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں، قبضے میں لی گئی چینی گلگشت اور ممتاز آباد میں سٹال لگا کرفی کلو85روپے کے حساب سے شہریوں کو فروخت کردی گئی ہے۔
کارروائی کے دوران 183 دکانوں پرنرخ چیک کئے گئے، جن میں سے73 دکاندار زائد قیمت پر چینی کی فروخت میں ملوث پائے گئے۔