ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے لوگوں کی محرومیوں کے ازالے کا دور شروع ہوچکا ہے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

23

لاہور، 05 اپریل (اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا  ہے کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے لوگوں کے محرومیوں کے ازالے کا دور شروع ہوچکا ہے، جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ مخصوص کرنے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ایشو پر وزیراعلیٰ پنجاب کا فوری ایکشن قابل تحسین ہے۔

 پیر  کو یہاں وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے  ملاقات  کے دوران جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ،ترقیاتی منصوبوں اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے  وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب معاملہ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بروقت ایکشن کر کے پراپیگنڈے اورافواہوں کا خاتمہ کردیا ہے،کسی کو جنوبی پنجاب کے بارے میں افواہیں پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اس موقع  پر میں وزیراعلیٰ پنجاب کاکہنا تھا کہ جنوبی پنجاب پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ریکارڈ ترقی کرے گا، سکولوں کی اپ گریڈیشن میں جنوبی پنجاب کو38فیصد حصہ دیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ختم کرنے کا پراپیگنڈا شکست خوردہ عناصر پھیلا رہے ہیں جبکہ  پاکستان تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں عوام نے فیصلہ کن برتری سے نوازا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کوجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ  جنوبی پنجاب کی 70سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی جنوبی پنجاب سمیت تمام پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کاازالہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعزاز بھی پاکستان تحریک انصاف کو ہی حاصل ہوگا، جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کو بااختیار کررہے ہیں تاکہ عوام کو لاہور نہ آنا پڑے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ باقاعدگی سے ہر ماہ ملتان جاکرترقیاتی منصوبوں اوردیگر امور کا جائزہ لوں گا۔کابینہ اجلاس بھی ملتان میں ہوگا،صوبائی وزراء بھی ایک،ایک روزجنوبی پنجاب میں بیٹھیں گے۔

اس موقع پر موجود ایم این اے زین قریشی نے کہا کہ  ترقی اورخوشحالی لانے کی تگ ودو میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ہیں جبکہ  صوبائی وزیر ڈاکٹر اخترملک نے کہا کہ

جنوبی پنجاب اوربالخصوص ملتان کی ترقی کے لئے کاوشیں کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مشکور ہیں۔