وزیراعظم کے وژن کے مطابق انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی تیاری کا عمل بھرپور طریقے سے جاری ہے، سینیٹر شبلی فراز

18

اسلام آباد۔29اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی تیاری کا عمل بھرپور طریقے سے جاری ہے، کامسیٹ، این آئی ای اور این آر ٹی سی کی جانب سے مشترکہ طور پر الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے پروٹوٹائپ کی تیاری پر کام جاری ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی میں الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی تیاری پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ہونے والے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے  ریلوے اعظم خان سواتی،  وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، سیکرٹری الیکشن کمیشن،  سیکرٹری وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران، مختلف نجی کمپنیوں کی جانب سے اپنی مشینوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور الیکٹرونک ووٹنگ کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔