وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی کا دورہ ترکی،افغانستان متعلق سہ فریقی اجلاس میں شرکت،افغان امن عمل کو آگے بڑھانے  کے عزم کا اعادہ کیا

15

استنبول،25اپریل(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ترکی کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں،استنبول ہوائی اڈے پر ڈپٹی گورنر استنبول  علی پرتال اور پاکستانی سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔

وزیر خارجہ دو روز قبل ترکی کی میزبانی میں منعقدہ”پاکستان  ،افغانستان ،ترکی سہ فریقی اجلاس میں شرکت کیلئے استنبول آئے تھے، وزیر خارجہ نے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور افغان امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کی معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے ترک اور افغان وزرائے خارجہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کی حوصلہ شکنی کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے استنبول میں قیام کے دوران مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کی اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے موقف کی وضاحت کی۔