اسلام آباد،21اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ پاکستان تیونس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مذہب ،ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کااظہار بدھ کو یہاں پاکستان میں تیونس کے سفیر برہان الکامل سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے مسلم امہ کے رہنماؤں کے نام خطوط تحریر کئے ہیں جن میں اسلامو فوبیا کے مسئلہ اور دنیا بھر میں مسلمان ممالک کی طرف سے اس معاملے کو مل کر اٹھانے پر زور دیا گیاہے۔
تیونس کے سفیر نے وزیراعظم کے خط کے جواب میں تیونس کے صدر کی طرف سے ایک خط بھی ان کے حوالے کیا۔
وزیراعظم نے مسلمان رہنماؤں کے نام تحریر کردہ خط میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی مہم کے خلاف مل کر فوری کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ مسلم امہ کو مذاکرات اور مختلف مذاہب کے درمیان بقائے باہمی کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔