پاکستان اور ہنگری کے  وزرائے خارجہ  کا  دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کیلئے اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ضرورت پر زور

18

اسلام آباد،30 اپریل(اے پی پی ): پاکستان اور ہنگری کے  وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں  تعاون بڑھانے کیلئے اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

پاکستان اور ہنگری کے مابین وفود کی سطح پر وزارتِ خارجہ   میں   مذاکرات  ہوئے ، جس  دوران  مذاکرات کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال  کیا گیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ ہینگرین وفد کی قیادت ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت  پیٹر سجارتو نے کی۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ہنگری کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہےجبکہ  دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ سے دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں  نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین توانائی، متبادل توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ اور سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اور ہنگری کے مابین تجارتی و اقتصادی ونڈو کا کھلنا، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کا مظہر ہے ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہنگری پاکستانی طلبا کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے جس پر ہم ہنگری کی قیادت کے شکر گزار ہیں،پاکستان، ہنگری مشترکہ اقتصادی کمیشن کے دوسرے اجلاس کی میزبانی ہمارے لیے باعث فخر ہے ۔انہوں  نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں بدل رہے ہیں،  کاروبار میں سہولت کی عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری، ہماری مثبت اقتصادی پالیسیوں کا ثمر ہے ۔

ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہنگری کی  فوڈ، ٹیکنالوجی، میڈیکل اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں۔