پاکستان کی معاشی مضبوطی میں اورسیز پاکستانیوں کا کردار قابل تحسین ہے، چوہدری محمدسرور

35

لاہور،15اپریل (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کی زیر صدارت اورسیزپاکستانیوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کیلئے پنجاب میں سپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا اور اوورسیز پاکستانیوں کو ویڈ یو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے کی اجازت پر بھی غور کیا گیا۔۔ وائس چیئر مین اورسیز کمیشن پنجاب وسیم اختر رامے نے اورسیزپاکستانیوں کو درپیش مسائل اور انکے حل کے اقدامات پر بر یفنگ دی۔

 گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اورسیز پاکستانیوں کے کیسزکے فیصلوں کیلئے وقت کی حدبھی مقر ر کی جائیگی، اوورسیز پاکستانی قوم کا سر مایہ ہیں انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا اوورسیز پاکستانیوں کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ہے، پاکستان کی معاشی مضبوطی میں اورسیز پاکستانیوں کا کردار قابل تحسین ہے، اورسیز پاکستانیوں کیساتھ ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔

وائس چیئر مین اورسیز کمیشن پنجاب وسیم اختر رامے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اورسیز پاکستانیوں کیساتھ ہیں، حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو کسی بھی فورم پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی پنجاب ارم بخاری نے کہا کہ اورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے تمام صوبائی محکمے متحد ہوکر کام کر رہے ہیں، سپیشل کورٹس کے قیام سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی بھی یقینی بنائیں گے۔