پشاور میں موجود منشیات کے عادی افراد کے بحالی مرکز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا؛ صوبائی   وزیر ہشام انعام اللہ

33

پشاور، 28اپریل(اے پی پی): خیبر پختونخواہ کے وزیر براۓ سماجی بہبود ہشام انعام اللہ نے کہا ہے کہ پشاور میں موجود منشیات کے عادی افراد کے بحالی مرکز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا، جبکہ منشیات کی لت میں مبتلا خواتین کی بحالی کے لیے الگ سے انتظام کیا جاۓ گا۔

 صوبائی وزیر براۓ سماجی بہبود ہشام انعام اللؔہ خان نے وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایات پر منشیات کے عادی افراد کے بحالی مرکز کا  اچانک دوررہ کیا۔اس موقع پر رکن خیبر پختونخواہ اسمبلی عائشہ بانو بھی انکے ہمراہ تھیں۔صوبائی وزیر براۓ سماجی بہبود نے بحالی مرکز کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں زیرعلاج افراد سے بھی ملے اور سینٹر میں موجود سہولیات بابت دریافت کیاجبکہ انہوں نے سنٹر میں صفائی صورتحال اور ادویات کی فراہمی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بہتر بنانے کے احکامات دیے۔

ہشام انعام اللہ  خان کا کہنا تھا کہ مرکز میں ڈاکٹرز کی تعداد بڑھائی جاۓگی جبکہ ماہر نفسییات کی تعیناتی کی جاۓ گی تاکے نشے کی لت میں مبتلا افراد کی زہنی و نفسیاتی رہنمائی بھی کی جا سکے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خواتین میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھا ہے، اس لئے  خواتین کے لئے مرکز میں علیحدہ سے بندوبست کیا جاۓ۔انہوں نے کہا کہ کم عمر افراد کے لئے  بھی الگ سے بلاک بنایا جاۓ،جبکہ بحالی مرکز میں زیر علاج افراد کے لئے  تفریحی اور مثبت سرگرمیوں کے لئے انتظامات کئے جائیں۔

ہشام انعام اللہ کا کہنا تھا کہ منشیات کی برائی میں مبتلا افراد کو معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جائینگے,پشاور میں موجود اس بحالی مرکز میں سہولیات کو وسعت دے کر اسے پورے صوبے کے لیۓ رول ماڈل بنایا جائیگا۔