لاہور 19 اپریل(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزراء کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات، رمضان پیکیج،شہروں میں صفائی کی صورتحال،ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزراء کو فیلڈ وزٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزراء عوام کو ریلیف دینے کیلئے کیے گئے حکومتی اقدامات کی مانیٹرنگ خود کریں، پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے، رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس لگائی گئی ہیں، پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کچھ ممکن ہوا وہ کرتی رہے گی، عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے،صوبے کے عوام کا مفادبے حد عزیز ہے، عوام کو ریلیف دینے اورپرائس کنٹرول کیلئے آخری حد تک جائیں گے، رمضان بازاروں میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔