وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود شاہ محمود قریشی کی ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور، جناب احمد علی الصایغ سے ملاقات

14

ابوظہبی،19 اپریل (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود شاہ محمود قریشی کی ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور، جناب احمد علی الصایغ سے ملاقات ہوئی۔ اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیر مقدم کیا ۔

ملاقات  میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ، دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،دونوں ممالک کے درمیان یکساں مذہبی، ثقافتی اقدار،ان دو طرفہ مراسم کو مزید مضبوط اور مستحکم بناتی ہیں پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد، متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے ،پاکستان نے اپنی جغرافیائی معاشی ترجیحات پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  کا مزید  کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں ،ہمارے سفارت خانے “معاشی سفارت کاری” کو بروئے کار لا کر بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کے وسیع تر، میّسر مواقعوں سے متعارف کروا رہے ہیں ۔

فریقین نے دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے،پاکستان اور یو اے ای کے درمیان، کاروباری وفود کے تبادلے اور اقتصادی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے  متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں، یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی ۔وزیر خارجہ نے اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور، جناب احمد علی الصایغ  کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے مطلع کیا۔

اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور، احمد علی الصایغ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دو طرفہ تجارت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے اپنی معاونت کا یقین دلایا۔