پنجاب حکومت 1800روپے  کی گندم فلور ملز کو 1300روپے  میں دیگی، فی من مجموعی سبسڈی 700روپے  تک ہوگی؛ صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان

21

لاہور، یکم اپریل (اے پی پی ):صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے رمضان پیکج پر سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت 1800روپے من کی گندم فلور ملز کو 1300روپے فی من میں دیگی، 200روپے اضافی لاگت کے بعد مجموعی سبسڈی 700روپے فی من تک ہوگی، پنجاب حکومت آٹے کے فی تھیلے پر صارف کو 150روپے کی سبسڈی دے گی، 10کلو آٹے کا تھیلا رمضان بازاروں میں 375روپے میں دستیاب ہوگا، اس کے علاوہ رمضان بازاروں میں آٹے، گھی، کوکنگ آئل و اشیائے خورد نوش پر سبسڈی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں کرونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، رمضان بازاروں میں اشیاء کے معیار پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، سخت مانیٹرنگ ہو گی، بہترین انتظامات کے لیے انتظامیہ اورتمام متعلقہ اداروں کو آن بورڈ کیا جائے، آٹے، چینی اور خوردنی اشیاء وافر مقدار میں مہیا کریں، قلت نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ  صوبائی وزراء اورسیکرٹری صاحبان بھی مختلف اضلاع میں رمضان بازاروں کا معائنہ کرینگے۔