ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا رمضان بازاروں کا دورہ

35

 

ملتان، 12اپریل(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے شمس آباد، گلگشت اور مدنی چوک میں لگائے گئے رمضان بازاروں کا دورہ کیا رمضان بازاروں کے فوکل پرسنز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نےرمضان بازاروں میں قالین بچھانے پر برہمی کا اظہار کیا  اور  بچھائے گئے قالین فوری طور پر سمیٹنے کا حکم صادر فرمایا اور رمضان بازاروں کے اندر اور اطراف میں صفائی کا جائزہ بھی لیا۔

انہوں نے  مختلف سٹالز کا معائنہ کیا ، اشیائے ضرویہ، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں اور کوالٹی کاجائزہ بھی لیا ، چینی اور آٹے کے سٹالز کو چیک کیا  اور انکی ڈیمانڈ  بارے اعداو شمار بھی دریافت کئے۔

ڈپٹی کمشنر نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت ہے کہ اشیائے ضروریہ کی سبسڈی کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں گے، ضلع میں11 رمضان بازار لگائے گئے ہیں، رمضان بازاروں میں چینی 65 روپےکلو اور10 کلو آٹے کا بیگ375 روپے میں فراہم کیاجا رہا ہے، رمضان بازار میں تمام دالیں اور اشیائے ضروریہ نوٹیفائیڈ نرخ پر دستیاب ہیں۔

علی شہزاد کی افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی اور آٹے کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور کہا رمضان بازاروں سے رعائتی نرخوں پر چینی اور آٹا صرف گھریلو صارفین کو فراہم کیا جائے، رمضان بازاروں میں فروخت ہونیوالی چینی اور آٹے کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے،  بہترین کوالٹی کی سبزیوں،پھلوں اور دیگر اشیاء کی رمضان بازاروں میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے  کہا صارفین کی طرف سے رمضان بازاروں بارے  شکایات کے اندراج کے لئے  رجسٹر رکھاجائے  اور کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے ،  رمضان بازاروں میں آنے والے شہریوں کو ماسک پہننے کا پابند بنایا جائے۔

 اسسٹنٹ کمشنر آفتاب ڈوگر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شمس آباد رمضان بازار میں صارفین کو550 کلو گرام چینی فروخت کی گئی اور کہا 10 کلو گرام وزن کے  آٹے کے 399 بیگ شمس آباد رمضان میں صارفین کو فراہم کئے گئے ہیں۔