ملاکنڈ، 28 اپریل(اے پی پی): کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ہدایات پر عمل درآمد کے لئے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ سہیل خان نے علماء کرام، تاجر یونینز او ر میڈیا سے تعاون کی اپیل کر دی ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے ضلع ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں، علماء کرام اور سیاسی قائدین کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
ڈی سی افس ملاکنڈ میں صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں اور سوشل میڈیاورکروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ اورکمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز سہیل خان نے کہا کہ ملک بھر کی طرح ضلع ملاکنڈ میں بھی کرونا وباء شدت اختیار کرچکی ہے اور پازیٹیو کیسوں کی تعداد 24تک پہنچ گئی ہے جو کہ قابل تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے حفاظتی ایس او پیز پر عمل در آمد نہیں کیا تو وباء کی شدت میں مزید تیزی کا خدشہ ہے جس کے بعد حکومت اور انتظامیہ کیساتھ مکمل لاک ڈاؤن کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا اس لئے میڈیا، علماء کرام اور سیاسی قائدین و کارکنان عوام میں کرونا وباء اور حفاظتی ایس او پیز سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں تاکہ موذی وباء کی روک تھام کی جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر سہیل خان نے کہا کہ عوام ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے بغیر ضرورت کے گھروں سے نہ نکلیں اور ماسک و سینی ٹائیزر ز کا استعمال یقینی بنائیں اورمیل میلاپ میں فاصلے کا خیا ل ضرور رکھیں، عوام کی صحت اور ان سے متعلق اقدامات پر کسی صورت سودا بازی نہیں کی جائیگی اور اگر کسی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تو ایسے عناصر کیساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں تجارتی مراکز شام چھ بجے کے بعد مکمل طور پر بند رہیں گے جبکہ ضلع میں تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔











