گورنر پنجاب سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی  کی ملاقات،چین کے ساتھ مضبوط تعلق کو مزید پروان چڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا

29

لاہور، 16اپریل (اےپی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور چئیرمین سی پیک اتھارٹی جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے چین کے ساتھ مضبوط تعلق کو مذید پروان چڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کے روشن مستقل کی ضمانت ہے، پاک چین دوستی کے مظہر اس منصوبے کو ہر حال میں تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور چئیرمین سی پیک اتھارٹی جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کے درمیان جمعہ کو یہاں ملاقات ہوئی،  ملاقات میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لینے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ  سی پیک پاکستان کی تقدیر بدلے گا، اس  منصوبے کو پاکستانی حکومت اور عوام کی بھرپور  حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تعمیر کے مسلسل مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، چین اور پاکستان میں آج چٹان سے مضبوط دوستی ہے۔

گورنر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

 اس موقع پر چئیرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ سی پیک سے ملک میں معاشی ترقی کےساتھ روزگار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، پورے ملک میں سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کا پائلٹ پراجیکٹ ہے، انشاءاللہ سی پیک کے تمام منصوبے بروقت مکمل ہونگے۔