گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نےسر فیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے سنگ بنیاد کا افتتاح کیا

28

اوکاڑہ08،اپریل (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں لانے اور انہیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے ، پنیے کا صاف پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کو پورا کرنے کے لئے موجودہ حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ملک میں میرٹ اور انصاف پر مبنی معاشرہ کے قیام کے لئے ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر کو شش کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد کے گاؤں 25ون اے ایل میں سر فیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

انہوں نے کہا کہ ا 5کروڑ 71لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے اس سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے 25ون اے ایل اور 28ون اے ایل دو چکوک کی آبادیوں کو پینے کا فلٹر شدہ صاف پانی دستیاب ہو گا یہ منصوبہ 6ماہ کی مدت میں مکمل ہو گا ، اس منصوبہ کی تکمیل سے ان دو چکوک کی تقریباََ 12ہزار پر مشتمل آبادی کو پینے کا صاف فلٹر شدہ پانی دستیاب ہو گا ۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں 4ارب سے زائد کے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شروع کر رہے ہیں ،  ہم  چاہتے ہیں کہ ہر گاؤں ،ہر قصبہ اور ہر شہر میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا ہو، یہ ہمارا خواب ، ویژن اور ہمارا وعدہ بھی ہے انشا ء اللہ  پوراہو گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ہم پورے پنجاب میں عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کے معاملہ پر ایک پیج پر ہیں ۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے کرونا وائرس عالمی وبا ہے اس سے پاکستان سمیت پوری دنیا متا ثر ہوئی ہے حکومت کی بہترین حکمت عملی اور موثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان کرونا سے کم متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے مریم نواز اور مولانا فضل الرحمن ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ہم عوام کو ریلیف دینے میں کامیاب ہوں گے ۔

تقریب میں تحریک انصاف کے سنیئر راہنما سید گلزار سبطین ،مہر محمد جاوید ،سید اختر حسین شاہ ،سید زین العابدین ، محمد اقبال ،ڈاکٹر محمد اظہر سمیت پارٹی کارکنا ن کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اوکاڑہ آمد پر ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان اور پارٹی کے سنیئر راہنماؤں نے ان کا استقبال کیا ۔