لاہور، 02اپریل (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صدر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن پرتگال سید قاسم سجاد ،چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن پرتگال راجہ ذوہیب ظفر ،صدر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اٹلی تجمل حسین کھٹانہ ،صدر یوتھ ونگ اٹلی علی رضا نے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے وفد نے حکومتی کارکردگی کو سراہا اور ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ نے مسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم ملکی امور پر ہونے والے کاموں کو تفصیل سے بیان کیا کہ کس طرح ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپی ممالک پرتگال، اٹلی، اسپین، جرمنی، یونان ،فرانس اور سویڈن میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کئے ہوئے ہے اور پاکستان کا روشن چہرہ مقامی کمیونٹی کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن پاکستان کی حقیقی تصویر پیش کررہی ہے جس پر اس کے تمام ممبران کارکنان اور عہدیداران مبارک باد کے مستحق ہیں۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو پرتگال دورہ کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے بخوشی قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں اب جب بھی یورپی ممالک کا دورہ شروع کروں گا تو پرتگال سے ابتدا ہوگی۔
گورنر چوہدری محمد سرور نے چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر کی پاکستان کے لئے خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ چوہدری پرویز اقبال لوسر پاکستان کا بیٹا ہے اور پاکستان کا پرچم بلند کئے ہوئے ہے جس پر ہمیں ناز ہے۔