اسلام آباد، 19 اپریل(اے پی پی): اسپارک نے پیر کے روز اسلام آباد میں”اقوام متحدہ کے منشور براے حقوق اطفال (یو این سی آر سی) پر 30 سال وکالت” کے عنوان سے تقریب کا انعقادکیا۔ بچوں کے حقوق سے متعلق نیشنل کمیشن (این سی آر سی) کی چیئرپرسن محترمہ افشاں تحسین باجوہ نے بتایا کہ بچوں سے متعلق پالیسیوں پر مؤثر عمل درآمد کے لئے این سی آر سی کی تشکیل دی گئی ہے. اس کے علاوہ کمیشن کا مقصد بچوں کے بہترین مفاد میں بین الاقوامی معاہدات اور پروٹوکول پر دستخط ، توثیق یا اس تک رسائی کے لیے وفاقی حکومت کو سفارشات پیش کرنا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ابھی حال ہی میں کمیشن کی شروعات ہوئی ہے لیکن پاکستان میں بچوں کے حقوق کے فروغ کے لئے یہ ایک اہم ادارہ ہے۔ ایک بااختیار این سی آر سی ، جو صرف سول سوسائٹی اور میڈیا کے تعاون سے حاصل کیا جاسکتا ہے ، پاکستانی بچوں کے حقوق کے تحفظ میں حکومت کی مدد کرسکتا ہے۔
خلیل احمد ڈوگر ، پروگرام منیجر اسپارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کا یو این سی آر سی انسانی حقوق کا ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جو اٹھارہ سال سے عمر کے تحت بچوں کے شہری ، سماجی ، جسمانی ، ثقافتی ، سیاسی اور معاشی حقوق کی وضاحت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے 12 نومبر 1990 کو بچوں کے حقوق سے متعلق کنونشن کی توثیق کی تھی اور اس کے بعد آنے والی حکومتوں نے تمام پاکستانی بچوں کے لئے دوستانہ ماحول پیدا کرنے کا یقین دلایا ، لیکن بدقسمتی سے ، ملک میں بچوں کے لئے ابھی بہت چیلنج باقی ہیں ۔ بچوں کی تعلیم ، صحت ، غذائیت ، تشدد سے بچاؤ ، کم عمری کی مزدوری اور شادیوں سے متعلق قوانین موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے ان قوانین پر پوری طرح عمل درآمد نہیں ہورہا۔
سینئر سماجی کارکن سید صفدر رضا نے مزید کہا کہ 1990 سے بچوں کی اسمگلنگ ، فروخت اور جسم فروشی کے خلاف پاکستان کے کام کو بہت سراہا گیا ہے ۔ تاہم ہم اب بھی انسانی ترقی کے بیشتر اشاراجات میں پیچھے ہیں۔ سی آر سی کمیٹی نے پاکستان کی 2015 کی رپورٹ کے مشاہدوں میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام ، اور اس کے نتیجے میں ایندھن اور خوراک کے بحران کا ذکر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو ملینیم ڈویلپمنٹ گولز (ایم ڈی جی) اور ایجوکیشن فر آل (ای ایف اے) کے اہداف حاصل نہیں کرنا تھا۔ اگر ان مسائل پر توجہ نہیں دی گئی تو ، پاکستان موجودہ سستینبل ڈویلپمنٹ گولز میں پیچھے رہ جائے گا۔