اسرائیلی درندگی کو روکنا عالمی برادری کا فرض ہے، ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ریلی سے مقررین کا خطاب

26

فیصل آباد،21 مئی (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ارکان پنجاب اسمبلی چوہدری لطیف نذر اور فردوس رائے نے کی جبکہ ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)خرم پرویز، اسسٹنٹ کمشنر صدر عمرمقبول،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،انچارج ضلعی کنٹرول روم محمدصادق،محمد اختر بٹ،فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،ایجوکیشن،سول ڈیفنس سمیت دیگر محکموں واداروں کے افسران،مذہبی،سیاسی،کاروباری وسماجی تنظیموں کے افرادبھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔احتجاجی ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہوکر خلیق قریشی روڈ، بالمقابل فیصل آباد پریس کلب،کچہری بازار چوک سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ گھر پہنچ کر اختتام پذیرہوئی۔

ریلی کے شرکانے فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلندکی۔ا س موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم پی اے چوہدری لطیف نذر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مشکل کی گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی کے سامنے فلسطینی مسئلہ پر دو ٹوک مؤقف اختیار کیا جس کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستانی قوم فلسطینیوں کی امداد کی خاطر فرنٹ لائن پر کام کرے گی۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل تک عالمی امن خطرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطین پر مسلسل حملے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں اوربین الاقوامی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ ظالم کا ہاتھ آج نہ روکا گیا تو یہ کل کسی اور کے گریبان تک پہنچے گانیزنہتے فلسطینی شہری بھی آزادی سے جینے کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی ایک المیہ کو جنم دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں حکومت اور عوام مظلوم فلسطینیوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طاقت کے نشے میں مدہوش اسرائیل کے ہاتھ معصوم فلسطینی شہریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی فلسطین میں آگ اورخون کے کھیل پرخاموشی سوالیہ نشان ہے اسلئے عالمی برادری معصوم فلسطینیوں پر مظالم بند کرانے کیلئے فوری اپنا کردار ادا کرے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بمباری ظلم کی انتہا ہے لہٰذااسرائیلی درندگی کو روکنا عالمی برادری کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ صورتحال کو مزید گھمبیر ہونے سے بچانے کیلئے عالمی برادری کو جاگنا ہوگاکیونکہ اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کل بھی فلسطینی عوام کے ساتھ تھی آج بھی ان کے ساتھ ہےاورہمیشہ ساتھ رہے گی۔