انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو اسلام آباد کے شہریوں نے مثبت اقدام قرار دے دیا

19

اسلام آباد،08مئی(اے پی پی): پاکستان میں آجکل انتخابات میں  الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کیجانب سے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین  کے استعمال کیلئے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں اور اس حوالے سے بنیادی طور پر کئی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو وفاقی دارالحکومت کے شہریوں نے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے استعمال سے غلطی کی گنجائش ختم ہو جائے گی اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کاسٹ کیا گیا ووٹ اس بات کا ثبوت ہو گا کہ یہ ووٹ فرد واحد اور اسی شخص ہی کا ہے جس نے اسے کاسٹ کیا ہے۔

ایک خاتون شہری نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ایک عالمی ووٹنگ سسٹم بتلایا اور کہا کہ اس کے استعمال سے  انتخابات میں ہونی والی انسانی غلطی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

ایک اور شہری نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے سسٹم کو نافذ کرنا شفاف انتخابات کرانے کے مترادف ہے تاہم اس کے استعمال سے قبل اسے ہر قسم کی غلطی سے پاک کرنا ہو گا جس کیلئے جن ممالک کے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ہوتا ہے وہاں پائی جانے والی غلطیوں کا مشاہدہ کرنا ہو گا اور اسے ختم کرنے پر کام کرنا ہو گا۔