بورے والا میں ٹائیفائیڈ  کی ویکسین لگانے کی مہم 18  سے 30 مئی تک جاری رہے گی

45

بورے والا،05 مئی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہی نے کہا ہے کہ ضلع بھر کی 12  یونین کونسلز میں9 ماہ سے 15 سال تک کے ایک لاکھ 85ہزار 149 بچوں  کو ٹائیفائیڈ کنجو گیٹ کی ویکسین لگائی جائے گی، حکومت پنجاب کی ہدایت پر18 مئی سے 30 مئی تک ٹائیفائیڈ کی ویکسیئن لگانے کی مہم چلائی جائے گی، بچوں کو ٹائیفائیڈ جیسی مہلک بیماری سے بچانا انتہائی ضروری ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائیفائیڈ ویکسینسن مہم کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ ٹائیفائیڈ مہم کے حوالے سے تمام انتظامات  مکمل کیے جائیں، والدین ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسین مہم کے دوران اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں، اس حوالے سے سستی یا لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، اس مہم کی مانیٹرنگ اور موثر اقدامات کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔