لاہور، 26 مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے صحت کی بہترین سہولیات کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، صوبہ بھرمیں زیادہ سے زیادہ عوام کوویکسین لگانے کی کوشش کررہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے بدھ کو یہاں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال لیہ اور ویکسینیشن سنٹر میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ڈی ایچ کیوہسپتال لیہ میں مریضوں کی عیادت کی اور ویکسینیشن سنٹرمیں شہریوں سے بات کی جس پر سی ای اوہیلتھ لیہ اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ نے وزیر صحت کو مریضوں کے علاج اور ویکسینیشن کیلئے کئے گئے انتظامات کی تفصیلات پیش کیں۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پرڈی ایچ کیولیہ اور ویکسینیشن سنٹرز کے انتظامات کا جائزہ لیاجارہاہے، لیہ کے ویکسینیشن سنٹرزپر شہریوں کیلئے بہترانتظامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کوروناکے مریضوں کے علاج اور ویکسینیشن کے انتظامات کو سیکرٹری صحت محمد اجمل بھٹی خودمانیٹرکررہے ہیں، لیہ کے ویکسینیشن سنٹرزپرانتظامات تسلی بخش ہیں ۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کررہی ہے، عمران خان جنوبی پنجاب کی عوام کامعیارزندگی بلندکرنے کیلئے تاریخی اقدامات اٹھارہے ہیں، صوبہ بھرمیں 8اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔