حلقہ این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں اگر بیگ کھلے ہیں تو سمجھ جائیں کہ کھلے بیگ کا مطلب کیا ہوتا ہے؛سید علی زیدی
کراچی،9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے دوران بھی اگر بیگ کھلے آرہے ہیں اور بیگ پر سیل نہیں لگی ہیں ، آپ سمجھ سکتے ہیں کہ کھلے بیگ کا مطلب کیا ہوتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کورونا ویکسنیشن سینٹر کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر سیدعلی زیدی نے کہا کہ ابھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب ہوا،میں یہ نہیں کہ رہا ہے کہ تحریک انصاف جیتی ہے لیکن میں یہ بھی نہیں کہ رہا ہوں کہ تحریک انصاف ہاری ہے ، اسی طرح میں یہ بھی نہیں کہہ رہا ہوں کہ ن لیگ اور پی پی کے امیدوار جیتے ہیں یا ہارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ فارم 46 بھی نہیں دے رہے ہیں ، 276 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 167 پولنگ اسٹیشنوں کے فارم 45 پر دستخط ہی نہیں ہے ، پھر جو مرضی آپ رزلٹ لکھ دیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میڈیا کا شہر ہے ، سب سے زیادہ میڈیا کی توجہ کراچی پر مرکوز ہوتی ہے اسلئے کراچی میں ہر چیز رپورٹ ہوجاتی ہے ، اگر آپ کراچی اور حیدر آباد سے آگے جائیں تو اپ کو معلوم ہوجائے گا کہ اندرون سندھ کے کیا حالات ہے ، یہاں ہرچیزرپورٹ ہونے کے باوجود بھی یہ حال ہے ۔