اسلام آباد 5 مئی، 2021؛ فیصل مسجد میں اسلام آباد میں ’’خصوصی افراد‘‘ کو سہولیات کی فراہمی کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ’’خصوصی افراد‘‘ معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان کا خیال رکھنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا خصوصی افراد کسی بھی معاشرے میں سب سے زیادہ توجہ کے مستحق ہوتے ہیں ایسے افراد کی خصوصی ضروریات کو پورا کرنے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں فعال بنانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خصوصی افراد کو جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں کہا ایسے افراد کے لیے اسلام آباد میں تمام پبلک اور تفریحی مقامات پر جدید سہولیات سے آراستہ واش رومز تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ خصوصی افراد کی مشکلات کو دور کیا جا سکے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں خصوصی افراد کی رسائی کو آسان بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ خصوصی افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لیے کوشاں ہے،خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے فلاحی تنظیم کورٹ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو کار آمد شہری بنانے کے لیے ہمیں مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔خصوصی افراد کی صلاحیت کو بروئے کار لا کر ملکی ترقی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
رفاعی تنظیم کورٹ کے چیئرمین چوہدری اختر نے کہا کہ خصوصی افراد کو زندگی کی طرف لانا ہے انکے مسائل کو حل کرکے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانا ہے۔اس اہم فریضے کیلئے ہمیں رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔