رمضان المبارک میں  یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی و معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے 7 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے؛وزیر مملکت  فرخ حبیب

27

فیصل آباد، 9مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر صارفین کو مسلسل سستی و معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے 7 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے جس کے تحت روز مرہ استعمال کی19 اشیابشمول چینی، آٹے، دالوں، چاول، مشروبات، گرم مصالحہ جات و دیگر اشیا کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی دوپہراچانک ریجنل یوٹیلیٹی سٹور ڈائیوو روڈ سمال انڈسٹریز ایریا فیصل آبادکےدورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے گودام میں موجود اشیاضروریہ کی سپلائی اور ڈیمانڈ کا جائزہ لیااور چینی،چاول، دالوں و دیگر اشیا کے ریکارڈکے معائنہ سمیت ان کاوزن اور کوالٹی بھی چیک کی۔وزیر مملکت گودام کے مختلف حصوں میں گئے اور دفتر کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  فیصل آباد میں ماہ صیام کے دوران اب تک شہریوں کو فراہم کردہ سستی اشیا سے یوٹیلیٹی سٹورز کو53 کروڑ روپے کی سیل ہوچکی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 7 ارب روپے کی نہ صرف ریکارڈ سبسڈی دی ہے بلکہ اس کے ایک ایک پیسے کا شفاف استعمال بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔اس موقع پر ریجنل منیجریوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن فیصل آباد نور اللہ سعیدہاشمی نے وزیر مملکت کوگودام کے مختلف حصوں کا دورہ کروایااور اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر مملکت نے ریجنل منیجرکو ہدایت کی کہ عیدالفطر کی تعطیلات تک ڈیمانڈ کے مطابق سپلائی میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔

بعدازاں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے یوٹیلیٹی سٹورز الطاف بلال گنج جھنگ روڈ فیصل آباد کا بھی اچانک دورہ کیا اوروہاں اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کو چیک کیاجبکہ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صبح سے شام تک صارفین کونہ صرف معیاری اشیا ہی فروخت کی جائیں بلکہ ریٹ لسٹیں بھی واضح جگہوں پر آویزاں ہونی چاہئیں جن کے نرخوں میں کوئی تضاد نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت ماہ صیام کے دوران شہریوں کویوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے سبسڈی کے تحت معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنارہی ہے نیزچینی، آٹے،دالوں،چاول،پھلوں،سبزیوں،کریانہ آئٹمز،مشروبات اور دیگر اشیاخوردونوش کی ضرورت کے مطابق سپلائی کوبھی ممکن بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی جگہ کسی چیز کی کوئی قلت نہیں جبکہ ناقص وغیر معیاری اشیا رکھنے پربھی سخت کارروائی ہورہی ہے۔انہوں نے کورونا ایس اوپیز پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کی تاکید کرتے ہوئے یوٹیلیٹی سٹور انتظامیہ سے کہا کہ تیسری لہر میں شدت کے باعث نوماسک نوسروس پالیسی پر عمل کیا جائے تاکہ کورونا کے وار سے بچا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا ئے ہوئے ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔

فرخ حبیب نے چینی کے پیکٹ کا وزن چیک کرتے ہوئے سٹاف کو چینی کی منظم فروخت اور ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ عوامی طلب کو مدنظر رکھ کر چینی سمیت دیگر اشیاکی مسلسل سپلائی کو یقینی بنایاجائے اور اگر ضرورت محسوس ہو تو سپلائی مزید بڑھا دی جائے۔

اس موقع پر انہوں نے یوٹیلیٹی سٹور پر موجود صارفین سے بھی بات چیت کی اور ان کے اطمینان پر تسلی کا اظہار کیا۔