اسلام آباد،21مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی شبلی فرازنے کہا ہے کہ عوام کو پینے کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ آلودہ پانی کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریاں کی وجہ سے صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔یہ باتیں انہوں نے جمعہ کو پی سی آر ڈبلیو آر کے دورے کے موقع پر کہیں۔
چیئرمین پی سی آر ڈبلیو آر نے وفاقی وزیر کو ادارے کی جانب سے لیے جانے والے اقدامات کے متعلق آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پانی کی قدر کو ہر سطح پر تسلیم کرنا ہوگا اور اس کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کیے جانے چاہئیں،کیونکہ یہ ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کا مسلہ ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ پانی کے وسائل کے تمام پہلوؤں خصوصاً اس کے ذخیرہ، آبپاشی ، نکاسی آب ، زمینی پانی کی کمی اور گندے پانی کی صفائی میں جامع پالیسی کی ضرورت ہے۔ زراعت کے شعبے میں نئ تکنیکوں کو شامل کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ اس شعبہ میں پانی کے ضیاع کو کم سے کم کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی سی آر ڈبلیو آر کی جانب سے کے پی کے میں 10 نہروں کے لیے ٹیلی میٹریک سسٹم جلد متعارف کرایا جائے گا۔ ترجیحی شعبوں کو الگ سے ترتیب دیا جائے تاکہ اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جاسکے۔