اسلام آباد، 25 مئی (اے پی پی):سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز خان جعفر نے کہا کہ متروکہ وقف املاک کی جیو ٹیگنگ اور کیسز کی تیز تر شنوائی سے آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناجائز قابضین سے 9 ہزار ایکڑ زرعی اراضی اور 8 ہزار سے زائد املاک واگزار کرائی گئی ہیں۔
ان خیالات کا اظہارسردار اعجاز خان جعفر نے سالانہ کارکردگی اہداف کے تعین اور تکمیل کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں وزارت شعبہ حج، تحقیق و مراجع، دعوہ زیارات، بین المذاہب ہم آہنگی اور ترقی و تعاون ونگز کیجانب سے بریفنگ د ی گئی ۔
اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز خان جعفر نے کہا کہ تمام شعبوں کے سربراہ سہ ماہی اور سالانہ اہداف کی تکمیل کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کریں، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی عوامی سہولت کے نئے سنگ میل طے کر رہی ہے،تمام جاری قانون سازی اور پالیسیوں پر مشاورتی عمل سے بہتری لائی جائے۔
سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز خان جعفر نے کہا کہ حج کے حوالے سے چیلنجز کے باوجود بہتری کی طرف جا رہے ہیں،منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے موثر رابطے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور قرآن پاک کے مصدقہ مسودہ کی موبائل ایپ تیار کر رہی ہے، حاجی کیمپوں اور بین المذاہب کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر 468 ملین روپے خرچ کئے جا رہے ہیں،وفاقی کابینہ وزارت کی سہ ماہی اور سالانہ کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لے گی۔