سیالکوٹ، 14 مئی(اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائےاطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے عیدالفطر کے دوسرے دن اولڈ ایج ہوم سیالکوٹ(مسکن) کا دورہ کیااور وہاں مقیم بے گھر، بے سہارا بزرگوں اورخواتین میں عید کے تحائف اورمٹھائی تقسیم کرنے سمیت انہیں عید کی مبارکباد بھی دی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بزرگ شہریوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔
اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حقوق العباد اور حقوق اللہ کی ادائیگی کرکے ہی کامل مسلمان بن سکتے ہیں،اس عید پر مالی مشکلات کے شکار پسے ہوئے اور مجبور طبقے کا ہاتھ تھامنا ہے، اخوت کے ساتھ ملکر کم آمدن والوں کیلئے اپنا کاروبارکرنے کی مدد کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسکن اولڈ ایج ہوم میں مائیں اپنے بچوں کو پکار رہی ہیں،ہم ان سے ملنے آئے ہیں، بدقسمت بچے ہیں جن کے والدین ان سے عید ملنے کیلئے بے چین ہیں، آئیے ملکر عہد کریں ہم ان کا سہارا بنے گے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے ان افراد کی مشکور ہوں جو اولڈ ایج ہوم کو چلانے میں مددگار ہیں۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔