ملتان؛ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا عید کے روز چلڈرن ہسپتال، نشتر ہسپتال،چلڈرن پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ اور ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

26

ملتان ،13مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے عید کے روز چلڈرن ہسپتال، نشتر ہسپتال،چلڈرن پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ اور ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان میں مٹھائی اور کھلونے بھی تقسیم کئے۔انہوں  نے کیش کی صورت میں بچوں کو عیدی بھی تقسیم کی ۔

ڈپٹی کمشنر نشتر ہسپتال کے نیورو وارڈ اور گائنی وارڈ بھی گئے اور مریضوں کی خیریت دریافت کی، انہوں نے مریضوں کو گفٹ دئے اور انکے لواحقین سے گفتگو بھی کی۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں سے بھی عید ملے، ان میں تحائف تقسیم کئے اور انکے مسائل بھی سنے اور جیل ہسپتال میں داخل قیدیوں کی عیادت کی اور ڈینگی بیرک کا معائنہ کیا ۔

ڈپٹی کمشنر چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھی گئے اور وہاں  مقیم لاوارث اور بے گھر بچوں کے ساتھ بھی وقت گزارا۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں میں کپڑے، چاکلیٹ اور کیش کی صورت میں عیدی بھی تقسیم کی۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید کے پُر مسرت موقع پر ہمیں بیمار اور بے سہارا لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے، اسلام میں مریضوں کی تیمارداری کو بہت اہمیت حاصل ہے۔انہوں  نے کہا میری ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ چلڈرن پروٹیکشن انسٹی  ٹیوٹ میں رہائش پذیر بچوں کے ساتھ وقت گزاروں اور  ماں اور باپ کے درمیان اختلافات کی سزا بچوں کو جھیلنی پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوب میں بچوں کی بہترین انداز میں تربیت ہو رہی ہے، چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں زیر تعلیم بچے بڑے ہو کر  ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے ایک بار پھر عوام سے لاک ڈاون اور کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کرنے کی اپیل کی۔انہوں  نے کہا کہ شہریوں کو کورونا ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے کے لئے اپنے اندر جذبہ پیدا کرنا ہو گا، شہری غیر ضروی نقل و حرکت اور رش والے مقامات میں جانے سے اجتناب کریں اور شہری اپنے گھروں میں رہیں اور خود کو اور اپنے گھر والوں کو کورونا وباء سے محفوظ رکھیں

 ڈپٹی کمشنر نے عید نماز حضرت بہاالدین زکریا ملتانی کے دربار کے احاطے میں ادا کی اور  حضرت غوث بہاالدین زکریا ملتانی کی درگاہ پر حاضری بھی دی۔

اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان اور اے سی سٹی خواجہ محمدعمیرمحمود سمیت ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر شاہد بخاری، ایم ایس چلڈرن ہسپتال احسن خاور اور جیل سپرنٹنڈنٹ بھی انکے ہمراہ تھے۔