ملتان؛ صوبائی وزیر ڈاکٹراخترملک ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر کا نیو جوڈیشیل کمپلیکس کا دورہ،

21

ملتان، 3مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لئے کوششیں تیز کردی گئیں ہیں، سیکرٹریٹ کے لئے  عارضی بلڈنگ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

 وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹراخترملک اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے نیو جوڈیشیل کمپلیکس کا دورہ کیا اور جوڈیشیل کمپلیکس کے مختف بلاکس کا جائزہ لیا اور پارکنگ ایریاز اور  کانفرنس روم کا بھی معائنہ کیا۔

وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ سیکرٹریٹ کو مکمل  فعال کیا جائے اور کہا اس سلسلے میں  وزیراعلیٰ عثمان بزدار  ساوتھ پنجاب کیبنٹ کمیٹی تشکیل دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشیل کمپلیکس کی عمارت کو ساوتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے طور پر استعمال کرنے بارے رپورٹ ساوتھ پنجاب کیبنٹ کمیٹی کو ارسال کی جائے گی، کیبنٹ کمیٹی سفارشات وزیر اعلیٰ کو ارسال کرے گی جو کہ حتمی فیصلہ کریں گے۔

اے سی ایس ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا کہ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کی مکمل فعالیت کے لئے بڑی  بلڈنگ کی اشد ضرورت ہے اور  تمام محکموں کے سیکرٹریز کے دفاتر ایک عمارت میں قائم ہونے سے رابطہ کار میں اضافہ ہو گا۔ انہوں

نے کہا نیو جوڈیشیل کمپلیکس کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب کریں گے۔

 سیکرٹری قانون بہادر علی خان نے کہا کہ حکومت نے نیو  جوڈیشیل کمپلیکس میں سیکرٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تو بلڈنگ حوالے کردی جائے گی اور  نیوجوڈیشیل کمپلیکس میں قائم عدالتوں کو یہاں سے منتقل کردیا جائے گا۔

 ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیو جوڈیشیل کمپلیکس791 کنال زمین پر محیط ہے ، جوڈیشیل کمپلیکس میں بجلی،پانی،گیس اور تمام سہولیات موجود ہیں۔

سیکرٹری صحت اجمل بھٹی اور ایڈیشنل سیکرٹری رضوان قدیر بھی انکے ہمراہ تھے۔