ملتان، 13مئی(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے عید کے روز بھی لاک ڈاون پر عملدر آمد کے لئے سرگرم رہے۔ ضلعی انتظامیہ، پاک فوج،رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے شہر میں گشت اور کارروائی کی،مشترکہ ٹیم کی قیادت اے سی سٹی خواجہ محمد عمیر محمود نے کی۔
کارروائیوں کے دوران لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر بوسن روڈ چونگی نمبر6 پر واقع جوائے لینڈ کو سیل کردیا گیا ہے، حسین آگاہی میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ڈرنک کارنر کو بھی سر بمہر کر دیا گیا ہے۔
اے سی سٹی خواجہ عمیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران،پاک فوج،رینجرز اور پولیس کی مشترکہ6 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور
ان چھ ٹیموں کو شہر کی مختلف مارکیٹیں تفویض کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا مشترکہ ٹیمیں رات 12 بجے تک شہر کا گشت کریں گی، عیدالفطر کے موقع پر لاک ڈاون پر عملدر کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔
اے سی سٹی نے کہا کہ لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور کہاڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کوگرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی شہری کو قانون کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خواجہ عمیر محمود نے کہا کورونا وباء سے بچاو کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ایک قومی ذمہ داری ہے، پاکستان کورونا وباء کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کورونا ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے کے لئے ہر شہری کو ذمہ داری نبھانا ہو گی، کورونا وائرس سے بچاو بارے شہریوں کو آگاہی بھی دی جارہی ہے۔