ملتان، 21مئی(اے پی پی):یوم فلسطین کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام بہت بڑی ریلی نکالی گئی ، ریلی کی قیادت کمشنر جاوید اختر محموداور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کی اور ریلی میں صحت،تعلیم، واسا،ایم ڈی اے،پی ایچ اے سمیت تمام محکموں کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ ریلی میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے 200 ورکرز سمیت سول سوسائٹی کے افراد، خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی کے ضلعی صدر خالد جاوید وڑائچ ،اے ڈی سی، محمد طیب خان،ایم ڈی ایم ڈبلیو ایم سی فخرالاسلام ڈوگر کی بھی شریک ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز خواجہ عمیر محمود، عدنان بدر،احمد نوید بلوچ اور کامران بخاری بھی شریک ہوئے۔
ریلی کے شرکاء نے فلسطینی بھائیوں کے مظالم کے خلاف نعرے بلند کرتے رہے اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے، شرکاء نے اسرائیل کی مذمت پر مبنی بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
کمشنر جاوید محمود اختر نے کہا کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے، فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور اسرائیل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جبر اور ظلم کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے،فلسطین میں انسانی حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت مظلوم فلسطینی بھائیوں پر ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے ضلعی صدر خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ ہم فلسطین پر ظلم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور فلسطین کے مسئلے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی لیڈنگ رول ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ریلی تحصیل کونسل رضا ہال سے شروع ہو کر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی ریلی کے اختتام پر فلسطینی بھائیوں کی فتح اور نصرت کے لئے دعا بھی کی گئی اور اس موقع پر ریلی کے دوران کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا گیا ہے ریلی کے تمام شرکاء نے ماسک پہن رکھے تھے۔