ملتان میں  پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز 7جون سے ہو گا،7لاکھ 58ہزار 107 بچوں کو  قطرے پلائے جائیں گے

14

ملتان، 8مئی(اے پی پی):ضلع بھر میں  پولیو مہم کا آغاز 7جون سے ہو گا اورپانچ روزہ پولیو مہم 11جون تک جاری رہے گی۔

پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت  اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہماری منزل ہے،وطن عزیز سے پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ میں ہر شہری کو اپنا  کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مائیکرو پلاننگ پر سو فیصد عمل کیا جائے اور پولیو ورکرز کی تربیت میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اس کی بھرپور مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن،بس اور ویگن اسٹینڈز اور دیگر ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کے ساتھ پولیس تعینات کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے روٹین کی ای پی آئی پروگرام پر بھی مکمل فوکس کرنے کی ہدایت کی۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے7لاکھ 58ہزار 107 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کو کامیاب بنانے کے لئے2408 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،476 ایریا انچارجز اور140 یوسی ایم اووز مہم کو مانیٹر کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ علی ٹاون ڈسپوزل کا سیمپل نیگیٹیو ہو گیا ہے۔

سی ای او ہیلتھ نے مزید بتایا کہ آغاخان سروے ٹیم کے نتائج کے مطابق ای پی آئی پروگرام کے حوالے سے ضلع ملتان صوبہ بھر میں پہلے نمبرپر ہے۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ محمدعمیر محمود، اسسٹنٹ کمشنرصدر عدنان بدر، ڈاکٹر محمد فاروق، سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان،ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر عابدحسین اور یونیسیف کے نمائندوں نے شرکت کی۔